۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/ آل نبی سے محبت ایمان کا تقاضا ہے اور عالم اسلام کے تمام مکاتب فکر آل رسول کا احترام کرتے ہیں مگر ایک ناصبی دشمن اھل بیت نے اھل بیت اطہار علیہم السلام کی شان میں گستاخی کرکے پورے عالم اسلام کو غم زدہ کردیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے گستاخ اھل بیت عبد الرحمن سلفی کی شرانگیزی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آل نبی سے محبت ایمان کا تقاضا ہے اور عالم اسلام کے تمام مکاتب فکر آل رسول کا احترام کرتے ہیں مگر ایک ناصبی دشمن اھل بیت نے اھل بیت اطہار علیہم السلام کی شان میں گستاخی کرکے پورے عالم اسلام کو غم زدہ کردیا ہے۔ حکومت اور ریاستی ادارے ایسے شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں عبرتناک سزا دیں جو آل رسول کی شان میں گستاخی کے مرتکب ہوتے ہیں۔ اس موقع پر شیعہ سنی علماء و مشائخ اور عوام مل کر گستاخ اھل بیت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن اور اسلام دشمن قوتیں وطن عزیز پاکستان میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانا چاہتی ہیں جنہیں ہم نے اپنے اتحاد و اخوت سے ناکام بنانا ہوگا۔ جس طرح اھل سنت کے علماء و مشائخ نے سیدہ کائنات خاتون جنت حضرت فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کی شان اقدس میں جلالی کی گستاخی پر ردعمل دے کر ناصبی سازش کو ناکام بنایا تھا اسی طرح خلیفہ اللہ حضرت امام مہدی علیہ السلام کی والدہ گرامی حضرت سیدہ نرجس خاتون سلام اللہ علیہا اور فرزند رسول حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام و دیگر آئمہ اہل بیت علیہم السلام کی شان اقدس میں گستاخی پر صدائے احتجاج بلند کریں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور ایکشن لیتے ہوئے اھل بیت علیھم السلام کی شان اقدس میں گستاخی کے مرتکب مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں نشان عبرت بنائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کے مستقل سدباب کو یقینی بنائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .